شاہد آفریدی

شاہد آفریدی خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

اسلام آباد(سپورٹس نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر، اٹھارہ جولای کو گرینڈ لانچنگ تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔پشاور میں منعقد ہونیوالی لانچنگ تقریب میں لیگ شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا جس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا، گورنر خیبر پختونخوا، اعلی حکومتی شخصیات، سینئر سرکاری حکام، بزنس کمیونٹی، کارپوریٹ سیکٹر، سرمایہ کار، سابق و موجودہ بین الاقوامی کرکٹرز سمیت ممتاز شخصیات کی شرکت کریں گی۔

اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کرکٹ شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس تاریخی تقریب میں شرکت کریں، نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں اور صوبے میں کرکٹ کے اس نئے سفر کا حصہ بنیں۔

خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کے لیگ کمشنر اور سابق قومی کپتان یونس خان بھی اس منصوبے کے اہم ستون کے طور پر تقریب میں شریک ہوں گے، خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کا بنیادی مقصد صوبے کے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کو ایک منظم اور پروفیشنل پلیٹ فارم فراہم کرنا، گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا اور خیبر پختونخوا کے مثبت، پرامن اور باصلاحیت تشخص کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں