واشنگٹن (سپورٹس نیوز) ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن( اے ایف اے) امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن( ایف بی آئی) کی تحقیقات کی زد میں آ گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی نے ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کیخلاف امریکا میں ممکنہ مالی فراڈ اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی۔
تحقیقات امریکا میں کروڑوں ڈالرکی بینک ٹرانزیکشنزکے بعد شروع کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے 300 ملین ڈالر فلوریڈا منتقل کیے۔ ایف بی آئی اس مالی لین دین کی قانونی حیثیت کا تعین کررہی ہے، تاحال کسی فرد یا ادارے پر باضابطہ طور پر جرم ثابت نہیں ہوا۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ مختلف کمپنیوں اور افراد کو ایسے رقوم منتقل کیے گئے جن کی فوری طور پر کوئی واضح معاشی یا تجارتی وجہ سامنے نہیں آئی۔ ایف بی آئی مبینہ طور پر بینک ریکارڈز اور مالی دستاویزات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ لین دین امریکی قوانین کے مطابق تھی یا نہیں۔