آٹے

حیدر آباد میں بھی آٹے کی قیمت میں مسلسل من مانا اضافہ، شہریوں کی زندگی تنگ ، کراچی میں بھی ریکارڈ ٹوٹ گئے

حیدر آباد(کامرس ڈیسک ) حیدر آباد میں بھی آٹے کی مسلسل بڑھتی قیمت نے شہریوں پر زندگی تنگ کر دی ، جبکہ کراچی میں آٹا مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق حیدر آباد شہر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل من مانا اضافہ جاری ہے، جس سے شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ انتظامی سطح پر صارفین کی حفاظت کے لیے کوئی بھی اقدامات دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ حیدر آباد کے شہری پہلے سے انتہائی سطح کی مہنگائی کے دوران، ذخیرہ اندوزی کے باعث، مزید مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، اور صوبہ سندھ میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ تشویش ناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں آٹے کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے خلاف فوری اور موثر کارروائی اور قیمتوں میں اس غیر منضبط اضافے کے سلسلے کو روکنا ناگزیر ہو چکا ہے، جب کہ گندم کی درآمد بھی ضروری ہے۔شہر میں آٹا 145 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ، جس سے عام آدمی کے لئے روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے، مہنگائی نے عوام کی قوتِ خرید کو شدید متاثر کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کے اہداف پورے نہ ہونے اور ذخیرہ اندوزی کے باعث مصنوعی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں