ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی ڈریم گرل معروف اداکارہ ہیمامالنی نے انکشاف کیا ہے کہ میں اپنے کیریئر کے عروج کے دور میں بھی بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ نہیں تھی۔ ہیما مالنی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ میں کبھی بھی بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ نہیں رہی اور نہ ہی میں نے کبھی دولت کو اپنی ترجیح بنایا۔
77 سالہ اداکارہ نے گفتگو کے دوران سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کے تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نہیں، بالکل نہیں، یہ کس نے کہا؟ ہمیں بہت معمولی معاوضہ ملتا تھا، ہمیں اتنی زیادہ رقم نہیں دی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہدایت کار اور پروڈیوسرز مجھے بہت پسند کرتے تھے لیکن میں نے کبھی پیسے کے لیے کام نہیں کیا، جیسے جیسے میری مقبولیت بڑھتی گئی، ویسے ویسے معاوضے میں تھوڑا بہت اضافہ کر دیا جاتا تھا، بس۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے کبھی بھی وہ بھاری بھرکم معاوضے نہیں ملے جو آج کے ستاروں کو ملتے ہیں، ہمیں تو اس کا ایک چھوٹا سا حصہ بھی نہیں ملتا تھا لیکن یہ ایک الگ بات ہے کہ جن فلموں میں ہم نے کام کیا ان سے حاصل ہونے والا تجربہ، عزت اور پہچان ہمارے لیے مالی معاوضے سے کہیں زیادہ قیمتی تھے۔