لیونل میسی

لیونل میسی اور مصر کے کوچنگ اسٹاف میں تلخ کلامی کی ویڈیووائرل

اٹلانٹا (سپورٹس نیوز)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے ابتدا میں دو گول کے نقصان کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، تاہم میچ کے اختتام پر پیش آنے والے واقعات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور دعووں میں کہا گیا کہ لیونل میسی مصر کے کوچنگ اسٹاف سے الجھ پڑے، لیکن دستیاب ویڈیو اور رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ معاملہ اس کے برعکس تھا۔رپورٹس کے مطابق مصر کے کوچ اور معاونین ریفری کے فیصلوں پر شدید احتجاج کر رہے تھے اور دونوں ٹیموں کے ڈگ آﺅ ٹ کے قریب کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ اسی دوران لیونل میسی مصری تکنیکی ایریا کی جانب گئے، جہاں ان کا مقصد صورتحال کو پرسکون کرنا اور تنازع کم کرنا تھا، نہ کہ جھگڑے کو بڑھانا۔

رپورٹ کے مطابق مصر کے کوچنگ اسٹاف کے ایک رکن نے میسی کی جانب بڑھ کر سخت جملے کہے، جس پر میچ آفیشلز نے انہیں براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا۔ اس کے بعد میسی میدان میں واپس چلے گئے۔دوسری جانب ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی اور مصر کے کوچ حسام حسن کے درمیان بھی مختصر جملوں کا تبادلہ ہوا، جبکہ میچ کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔میچ کے دوران حسام حسن نے نسل پرستی کے خلاف احتجاج کی علامت کے طور پر اپنے بازو ایک دوسرے پر رکھ کر اشارہ کیا، تاہم ریفری نے ان کے اس احتجاج کو قبول نہیں کیا اور بعد ازاں انہیں یلو کارڈ بھی دکھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں