میکسیکو سٹی (سپورٹس نیوز)فیفا ورلڈکپ 2026 سے اخراج کے بعد کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانے پر نیدرلینڈز فٹبال فیڈریشن نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش کے ہاتھوں شکست کے بعد نیدرلینڈز کے سیاہ فام کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر نسلی تعصب پر مبنی پیغامات کا سامنا کرنا پڑا جس پر ڈچ فٹبال فیڈریشن نے سرکاری طور پر پراسیکیوٹر کے دفتر میں شکایت درج کرا دی ہے۔فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ تمام نفرت انگیز پیغامات کی نشاندہی ممکن نہیں تاہم اس اقدام کا مقصد واضح پیغام دینا ہے کہ نسل پرستانہ رویے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ورلڈکپ کے رائونڈ آف 32 میں نیدرلینڈز کو مراکش نے پنالٹی شوٹ آٹ میں شکست دی تھی۔مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام پر مقابلہ 1-1 سے برابر تھا تاہم پنالٹیز میں جسٹن کلائیورٹ، کوئنٹن ٹمبر اور کریسینسیو سمرول اپنے مواقع ضائع کر بیٹھے جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ اور امتیازی تبصروں کا سامنا کرنا پڑا ادھر نیدرلینڈز کے وزیراعظم روب جیٹن نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کامیابی کے وقت قومی ہیرو سمجھے جاتے ہیں تاہم ایک غلطی پر ان کے خلاف نفرت انگیز مہم ناقابل قبول ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ استغاثہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
٭٭٭٭٭