ڈی پورٹ

پنجاب سے 35 ہزار 719 غیر ملکی باشند وں کو ڈی پورٹ کردیا گیا،پولیس ترجمان

لاہور،کراچی (نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے،35 ہزار 719 غیر ملکی باشندے ڈی پورٹ کردئیے گئے ہیں جبکہ کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران 38 افغان باشندوں کو حراست میں لیکر افغان کیمپ منتقل کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر سے اب تک 35 ہزار 719 غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، تاہم اس وقت 72 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جن کی ڈی پورٹیشن کا عمل جاری ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 14 ہزار سے زائد مرد، 7 ہزار 138 خواتین اور 14 ہزار 529 بچے شامل ہیں، ان میں 11 ہزار 47 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 135 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 13 ہزار 537 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تمام افراد کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران 38 افغان باشندوں کو حراست میں لیکر افغان کیمپ منتقل کر دیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ساﺅ تھ پولیس کے مطابق پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 20 افغان باشندوں کو حراست میں لیکر ضابطے کی کارروائی کے بعد انھیں افغان کیمپ منتقل کر دیا۔

ادھر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس کی جانب سے بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا عمل جاری ہے اور اس حوالے سے ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اونگزیب خٹک نے بتایا کہ پولیس نے مختلف چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر غیر قانونی طور پر مقیم 15 افغان باشندوں کو حراست میں لیکر قانونی کارروائی کے بعد انھیں افغان کیمپ منتقل کر دیا۔ملیر کینٹ پولیس نے بھی غیر قانونی طور پر مقیم 3 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا پولیس کے مطابق زیر حراست افغان باشندوں کو افغان کیمپ میں تعینات متعلقہ حکام مزید قانونی کارروائی کے تحت ان کی وطن واپسی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں