آئی پی ایل

آئی پی ایل کے اسٹار کھلاڑی کیخلاف گھریلو ملازم پر تشدد کا مقدمہ درج

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)آئی پی ایل ٹیم پنجاب کنگز کے آل راؤنڈر ششانک سنگھ اپنے والد کے ہمراہ بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوپال میں ششانک سنگھ، ان کے ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر والد شیلیش سنگھ اور ایک ڈرائیور کے خلاف مبینہ طور پر گھریلو ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے اور بدزبانی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ رتیباد تھانے میں درج کیا گیا جس میں قابلِ اعتراض زبان استعمال کرنے، معمولی جسمانی نقصان پہنچانے اور مشترکہ ارادے سے جرم کرنے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔شکایت کنندہ وپیندر سنگھ تومر نے کہا کہ انہیں 25 جون کو سنگھ خاندان نے 15 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر بطور باورچی ملازم رکھا تھا۔تومر کے مطابق ملازمت کے پہلے دن سے ہی ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا اور ان کا موبائل فون بھی اپنے پاس رکھ لیا گیا۔

ان کا الزام ہے کہ 28 جون کو فون واپس مانگنے پر شیلیش سنگھ نے انکار کر دیاجس کے بعد ششانک سنگھ، ان کے والد اور ڈرائیور نے کمرے میں آ کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں، گھر سے نکال دیا اور مبینہ طور پر رہائش اور کھانے کے اخراجات کے نام پر ایک ہزار روپے بھی زبردستی منتقل کروائے۔دوسری جانب ششانک سنگھ نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ نے باورچی کو نشے کی حالت میں پایا تھا جس کے باعث اسے ملازمت سے نکالا گیا،ان کے مطابق شکایت انتقامی کارروائی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں