لاہور(سپورٹس نیوز )ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ملکی ہاکی کا ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کی ہاکی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز اور فٹنس ٹرینرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ پرو لیگ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، جدید کھیل کی سمجھ بوجھ اور حکمت عملی کی شدید کمی رہی، کھیل کی بہتری کیلئے سخت ترین اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کا کہنا ہے کہ، پرو لیگ کے نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے، وہ پوری قوم سے معذرت چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا بدترین اور مایوس کن سفر رہا، پاکستانی ٹیم آخری میچ میں بھی ناکام ہوئی۔اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو لیگ کے تمام 16 میچز میں ناکامی کا منہ دیکھا۔