تہران(انٹرنیشنل نیوز )ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز پر وارننگ جاری کر دی، پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے گزرنے کیلئے ایک نیا راستہ مقرر کیا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ایران سے رابطے کے بغیر آبنائے ہرمز کیلئے کسی بھی نئے بحری راستے کا اعلان ناقابل قبول اور انتہائی خطرناک ہے، آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ صرف ان مخصوص روٹس کے ذریعے ہی ممکن ہے جو ایران نے باقاعدہ طور پر مقرر کئے ہیں۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے ساتھ کوآرڈینیشن لازمی ہے، ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمان نے اعلان کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز سے جہاز رانی کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کیلئے ایک نیا سمندری راستہ کھول دیا ہے، تاہم پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں واضح نہیں بتایا گیا کہ آیا یہ یہی وہ نیا راستہ ہے یا نہیں۔