کراچی(کامرس ڈیسک ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی حصص سے مجموعی طور پر 73 کروڑ 60 لاکھ ڈالر نکالا۔ اس رقم کا تقریبا 80 فیصد حصہ امریکہ، برطانیہ اور سویڈن میں مقیم سرمایہ کاروں سے منسلک ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق حصص میں مجموعی سرمایہ کاری 298.3 ملین ڈالر رہی، جبکہ سرمایہ کے اخراج کا حجم 1.03 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
سٹاک ایکسچینج تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج باہر کے سرمایہ کاروں کےلئے پرکشش نہیں رہی اس لیے سرمایہ یہاں سے بڑی تعداد میں باہر گیا۔انھوں نے کہا مشرق وسطی میں جنگ کی وجہ سے کشیدہ ماحول کے علاوہ امریکہ اور یورپ میں شرح سود میں اضافے اور اس کے مزید بڑھنے کی توقع کی وجہ سے سرمایہ کار وہاں جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ انڈیا سے بھی سرمایہ کار نکلے ہیں۔جے ایس گلوبل کیپیٹل کے ہیڈ آف ریسرچ وقاص غنی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں اور آئندہ مالی سال میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت میں کچھ اضافہ متوقع ہے۔