ہیوسٹن (سپورٹس نیوز)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایف کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو 1ـ5 سے شکست دے دی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
ہیوسٹن کے این آر جی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ڈچ ٹیم نے آغاز سے ہی کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور سویڈن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا،نیدرلینڈز کی جانب سے برین بروبی نے میچ کے پانچویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ انہوں نے 17ویں منٹ میں دوسرا گول بھی اسکور کیا جس کے بعد ڈچ ٹیم کو 0ـ2 کی مضبوط برتری حاصل ہو گئی۔پہلے ہاف کے اختتام تک سویڈن کی ٹیم کوئی جواب نہ دے سکی اور نیدرلینڈز واضح طور پر بہتر نظر آیا۔دوسرے ہاف کے آغاز میں کوڈی گکپو نے اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار دو گول داغ دیے، جس سے اسکور 0ـ4 ہو گیا اور میچ تقریباً نیدرلینڈز کے حق میں فیصلہ ہو گیا۔
سویڈن کی جانب سے انتھونی ایلنگا نے 59ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی تاہم ڈچ ٹیم کی برتری برقرار رہی۔میچ کے اختتامی لمحات میں کریسنسیو سمر ویل نے 89ویں منٹ میں ایک اور گول اسکور کرکے نیدرلینڈز کی 1ـ5 سے شاندار فتح پر مہر ثبت کر دی۔نیدرلینڈز کی کامیابی میں برائن بروبی اور کوڈی گاکپو کے علاوہ ڈینزیل ڈمفریز نے بھی نمایاں کردار ادا کیا جبکہ دفاع میں کپتان ورجل وین ڈجک اور مڈفیلڈ میں فرینکی ڈی جونگ نے ٹیم کو بھرپور استحکام فراہم کیا۔یہ فتح نیدرلینڈز کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم رہی کہ جاپان کے خلاف پہلے میچ میں 2ـ2 کے ڈرا کے بعد اسے مکمل تین پوائنٹس کی ضرورت تھی۔
دوسری جانب سویڈن جس نے اپنے پہلے میچ میں تیونس کو 1ـ5 سے شکست دی تھی، اس بھاری ناکامی کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔میچ کے دوران نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا 100واں گول بھی مکمل کیا، جو ڈچ فٹبال کے لیے ایک یادگار سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ نیدرلینڈز گروپ ایف میں سرفہرست آ گیا ہے اور ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات مزید روشن کر لیے ہیں۔