لبنان

اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، لبنان میں حملوں میں24گھنٹوں میں 50 سے زائد افراد جاں بحق

بیروت(انٹرنیشنل نیوز)اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی تسلیم کرنے کے باوجود لبنان میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے،ان حملوں میں گزشتہ24گھنٹوں میں 50سے زائد افراد جاںبحق ہوگئے اس کے جواب میں حزب اللہ نے بھی صیہونی فوجی کو نشانہ بنایا جس میں 2 اسرائیلی کمانڈرز ہلاک اور 15 اہلکار زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اعلان کی جانے والی جنگ بندی چند گھنٹے بھی برقرار نہ رہ سکی۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا آغاز کر دیا۔ ان حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 50 سے زائد ہوچکی ہیں جن میں زیادہ تر معصوم شہری ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے رات کے وقت جنوبی لبنان میں تعینات اسرائیلی فوجیوں پر 50 سے زائد راکٹ اور دیگر گولے داغے، جس کے جواب میں حزب اللہ کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسرائیلی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں صرف ان مقامات پر کی جا رہی ہیں جہاں حزب اللہ کی سرگرمیاں موجود ہیں اور مارے جانے والے افراد حزب اللہ کے کمانڈرز یا ان کے سہولت کار ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے جمعہ کی سہ پہر سے جنگ بندی کی مکمل پابندی کی، تاہم رات کے وقت اسرائیلی فوج نے نبطیہ کے قریب علی طاہر پہاڑی پر پیش قدمی کی کوشش کی، جس پر اس کے جنگجوﺅں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔حزب اللہ نے گزشتہ 24 گھنٹے میں دو مقامات پر اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا جس میں دو کمانڈرز مارے گئے جب کہ 15 اہلکار زخمی ہوگئے۔واضح رہے کہ بدھ کو امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد اتوار سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو رہاہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں