کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار اور گلوکار ہارون شاہد نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جو تصویر پیش کی جاتی ہے، وہ حقیقت سے مختلف ہے، جبکہ ترقی، انفرااسٹرکچر اور شہری سہولتوں سے متعلق پاکستان بھارت سے زیادہ بہتر ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکار کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں کچھ نہیں ہے، ہم بھکاری ہیں، ہمارے پاس گندم، فصلیں یا وسائل موجود نہیں، ایسے لوگوں کو پاکستان آ کر خود دیکھنا چاہیے، ہمارے پاس ہر چیز موجود ہے اور ہم ویسے نہیں ہیں جیسے بعض میڈیا ادارے ہمیں دکھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انفرااسٹرکچر، ترقی، غربت، صفائی ستھرائی اور شہری شعور کے لحاظ سے پاکستان بھارت سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہے، بین الاقوامی میڈیا بھی اب ان حقائق کو دیکھ رہا ہے۔ہارون شاہد کے مطابق بھارت کو یہ احساس کرنا چاہیے کہ عالمی سطح پر اپنے ملک کی جو تصویر وہ پیش کر رہا ہے، وہ مثبت تاثر پیدا نہیں کر رہی اور اب اسے پہلے جیسی بین الاقوامی پزیرائی بھی حاصل نہیں ہو رہی جبکہ پاکستانی ڈرامے دیکھنے والے بہت سے بھارتی ناظرین خود اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستان حقیقت میں اس تصویر سے کہیں بہتر ہے جو انہیں دکھائی جاتی ہے۔