کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار، میزبان اور ماڈل علی سفینہ نے حال ہی میں عاصم اظہر اور میرب علی کی علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر اپنا موقف بیان کر دیا۔
حال ہی میں علی سفینہ ایک پروگرام میں شریک ہوئے جہاں میزبان نے سوال کیا کہ کیا میرب علی کے ساتھ پوڈکاسٹ میں ہونے والی گفتگو، جس میں ہانیہ عامر کا ذکر آیا تھا، اس علیحدگی کی وجہ بنی؟سوال کے جواب میں علی سفینہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرب علی اچھے دوست ہیں اور ماضی میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، میں نے اسی دوستانہ ماحول میں ایک سوال کیا تھا جس کا جواب میرب نے بھی ہلکے پھلکے انداز میں دیا تھا۔
علی سفینہ کے مطابق اصل تنازع اس وقت پیدا ہوا جب ایک سوشل میڈیا صارف نے اس کلپ پر ویڈیو بنا کر معاملے کو اچھالا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث شروع ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اس شخص کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ دوسروں کی ذاتی زندگی میں مداخلت کیوں کی جا رہی ہے۔