اسلام آباد(کامرس ڈیسک )کوئلے کی درآمد پر ویلیو ایڈیشن ٹیکس 3 فی صد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے کوئلے کی درآمد پر ویلیو ایڈیشن ٹیکس 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی اجازت دے دی، کم از کم ویلیو ایڈیشن سیلز ٹیکس میں کمی سے صنعتی شعبے کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سیمنٹ، بجلی اور دیگر صنعتوںکےلئے درآمدی کوئلہ سستا ہونے کی توقع پیدا ہو گئی ہے، ویلیو ایڈیشن ٹیکس میں کمی سے پیداواری لاگت کم اور کاروباری لاگت میں کمی آئے گی، ٹیکس میں کمی سے صنعتوں کے ورکنگ کیپیٹل پر دبا ﺅ کم ہوگا۔ حکومت صنعتی سرگرمیوں اور پیداواری شعبے کو فروغ دینے کے لئے ٹیکس ریلیف دینے پر غور کر رہی ہے، ایکسپورٹرز پر ایک فی صد وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری طرف تیل و گیس کمپنیوں کے ونڈ فال منافع پر 70 ارب کی لیوی عائد کرنے کی تجویز آئی ایم ایف نے مسترد کر دی ہے، جس سے تیل و گیس کی کمپنیوں پر انکم ٹیکس کی شق 99 ڈی کے تحت ونڈ فال لیوی عائد کرنے کی وفاقی حکومت کی کوششیں ناکام ہو سکتی ہیں۔