سہیل سمیر

سہیل سمیر کا شادی کے بعد شوہروں کو والدین سے الگ کرنے کے رجحان پر اظہارِ تشویش

کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار سہیل سمیر نے موجودہ دور میں شادیوں اور خاندانی نظام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض والدین اپنی بیٹیوں کی ایسی تربیت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ شادی کے بعد شوہر کو اس کے والدین سے الگ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ایک پروگرام کے دوران سہیل سمیر نے کہا کہ آج کل بعض نئی دلہنیں یہ سمجھتی ہیں کہ شادی کے بعد سسرال کے گھر میں تمام اختیارات صرف انہی کے پاس ہونے چاہئیں اور شوہر کے والدین کو پسِ منظر میں چلے جانا چاہیے۔ان کے مطابق بعض والدین اپنی بیٹیوں کو اس سوچ کے ساتھ رخصت کرتے ہیں کہ وہ اپنے شوہر کو مشترکہ خاندان سے الگ کر لیں تاکہ انہیں ساس کے دبا ﺅکا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سہیل سمیر نے لڑکیوں کی قربانیوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ایک لڑکی اپنے والدین، گھر اور مانوس ماحول کو چھوڑ کر ایک نئے خاندان میں جاتی ہے، جو ایک بہت بڑی قربانی ہے، اسی لیے شوہروں کو چاہیے کہ وہ اپنی بیویوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں عزت، محبت اور احترام دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں