لاہور، 06جون(نیوز ڈیسک)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے واضح کیا ہے کہ میڈیکل کی معیاری تعلیم، کلینیکل تحقیق کے فروغ اور مریض دوست پالیسیوں کی بدولت ہی طبی ادارے عالمی سطح پر اپنا نمایاں مقام بنا سکتے ہیں۔پی جی ایم ائی، اے ایم سی، کالج آف نرسنگ،الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول اور لاہور جنرل ہسپتال میں اسی ہدف کے حصول کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
پرنسپل نے ان خیالات کا اظہار ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کی جانب سے ایک سالہ شاندار کارکردگی پر گلدستہ پیش کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے زور دیا کہ نوجوان معالجین اور فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ مہارت کو مسلسل نکھارنا، کلینیکل تحقیق کے کلچر کو مستحکم کرنا اور جدید تشخیصی و طبی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان اداروں کو عالمی معیار کے مطابق استوار کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور انتظامی ٹیم کی مشترکہ کاوشوں سے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سب پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی ایک سالہ شاندار اور انقلابی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اپنے بہترین وژن، اعلیٰ شفافیت اور انتھک محنت سے پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور ایل جی ایچ میں مثبت اور پائیدار تبدیلیاں برپا کر دی ہیں۔
ان کی وضع کردہ پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو جدید اور مریض دوست طبی سہولیات میسر آئی ہیں بلکہ نوجوان معالجین اور فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور طبی صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی قیادت میں نظم و ضبط اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ نے ہسپتال کا گراف بلند کر دیا ہے۔ ان کا یہ بہترین انتظامی وژن ان اداروں کو مستقبل میں کامیابی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔