ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف موسیقار و گلوکار اے آر رحمن نے اللہ کے ذکر اور حضرت محمد ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کرنے کی اہمیت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اے آر رحمن نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے مذہبی عقائد کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔انہوں نے ذکر سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ مقدس ناموں میں طاقت ہوتی ہے، جیسے کہ ہمارے صوفیانہ عقیدے کے مطابق جب ہم حضرت محمد ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کرتے ہیں تو اس سے برکت ہوتی ہے۔
گلوکار نے کہا کہ جب حضرت محمد ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا جا رہا ہوتا ہے تو بہت سی آسمانی مخلوقات بھی ساتھ شامل ہو جاتی ہیں، صوفیا کا یہی ماننا ہے۔انہوں نے ذکر کو موسیقی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جب آپ کوئی صوفیانہ کلام پڑھ رہے ہوتے ہیں تو بھی اپنے ارد گرد ایک طاقت محسوس ہوتی ہے اور ایسے لمحات میں بہت سی اچھی چیزیں بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔