لاہور (شوبز ڈیسک) حج کے سفر کے دوران ٹک ٹاکر میک اپ کے دفاع پر کنول آفتاب تنقید کی زد میں آگئیں۔ کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کریئیٹرز ہیں، جن کے یوٹیوب پر 32 لاکھ 90 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر اس وقت حجِ کی سعادت حاصل کرنے وہاں موجود ہیں جہاں سے یہ جوڑا اپنے حج سفر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کررہا ہے۔
تاہم کنول آفتاب کا ایک مکمل میک اپ والا لک سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگیا ۔اس ویڈیو میں کنول آفتاب حج کے لباس میں گہرے میک اپ اور ڈارک میرون لپ اسٹک میں نظر آئیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔کنول آفتاب نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کو میری لپ اسٹک سے مسئلہ ہے۔ میں صرف یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ عبادت کا میری لپ اسٹک سے کیا تعلق ہے؟ پلیز مجھے بتائیں۔ اور ویسے بھی حج 8 ذوالحج سے شروع ہوتا ہے، اس لیے پہلے جا کر یہ چیز پڑھ لیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے کنول آفتاب کے اس موقف پر سخت ردعمل دیا۔ایک صارف نے لکھا احرام کی حالت میں میک اپ کی اجازت نہیں ہوتی اور لپ اسٹک بھی اسی میں شامل ہے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ حج کے دوران میک اپ اس لیے منع ہے کیونکہ یہ غیر محرم کی توجہ حاصل کرتا ہے، میک اپ صرف شوہر کیلئے ہونا چاہیے۔