لاہور( شوبز نیوز)نامور گلوکارہ میگھا نے عیدالاضحی کی مناسبت سے18 نجی ٹی وی چینلز کے خصوصی شوز میں شرکت کرکے منفرد ریکارڈ قائم کر دیا۔ مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے عید کے تینوں دن نشر کیے جانے والے خصوصی پروگراموں کی پیشگی ریکارڈنگ مکمل کر لی گئی ہے اور دلچسپ امر یہ ہے کہ گلوکارہ میگھا نے 18خصوصی شوز میں دیگر مہمانوں کے ہمراہ شرکت کی جسے منفرد ریکارڈ بھی قرار دیا جارہا ہے ۔
میگھا نے عید کے لئے ریکارڈ کئے گئے خصوصی شوز میں اپنے مقبول گانے سنائے جبکہ ان کے حال ہی میں ریلیز ہونے والا نئے گیت ”لونگ لب لیا ”کو بیحد پسند کیا گیا ۔ میگھا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشیوں، محبتوں اور اپنائیت کا تہوار ہے، اسی لیے میں نے کوشش کی کہ جہاں سے بھی دعوت ملی وہاں ضرور شرکت کروں۔
انہوں نے کہا کہ میرے چاہنے والوں کی محبت ہی میرا اثاثہ اور میں ہمیشہ اپنے مداحوں کے درمیان رہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نئے گانے ”لونگ لب لیا ”کو ملنے والی شاندار پذیرائی میرے لیے عید کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔