اسلام آباد(کامرس ڈیسک)عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف ) نے کہا ہے کہ اسٹاف نے اقتصادی پیش رفت اصلاحات کے نفاذ اور بجٹ حکمت کی عملی پر بات چیت کی، پاکستان میں مالیاتی استحکام کی حمایت کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف وفد کے پاکستان کے دورے کے اختتام جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ اقتصادی پیش رفت پر پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری بات چیت کی، اسٹاف نے مشرق وسطی کی صورتِ حال کے اثرات اور اگلے سال کے بجٹ پر بات چیت کی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ توسیعی فنڈ سہولت، لچک اور پائیداری کی سہولت کے تحت اصلاحاتی ایجنڈے پر پیشرفت پر گفتگو ہوئی ۔اعلامیے کے مطابق بتدریج مالی استحکام، ٹیکس بنیاد وسیع کرنے اور ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنانے پر گفتگو جاری رہے گی، اخراجات میں کمی پر بات چیت جاری رہے گی، عوامی مالیاتی انتظام بڑھانے کے لیے مالی سال2027 کے بجٹ پر بات چیت جاری رہے گی۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے مہنگائی میں کمی کےلئے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے ممکنہ اثرات کی نگرانی جاری رکھیں گے۔ اعلامیے میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں، پائیدار ترقی کے لیے توانائی، سرکاری اداروں اور مالیاتی شعبے کی اصلاحات کرنا ہے، پائیدار ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔