لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ مومنہ اقبال نے مبینہ آن لائن ہراسانی اور دھمکیوں پرکارروائی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مدد کی اپیل کردی۔اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ایک ایم پی اے کی جانب سے مسلسل آن لائن ہراسانی، ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا شکار ہیں۔
ان کے مطابق انہوں نے متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں، لیکن سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے معاملے پر مناسب کارروائی نہیں کی گئی ‘ جبکہ بعض بااثر حلقوں کی جانب سے بھی معاملہ خاموش کرنے کا دباﺅ ڈالا گیا۔
اداکارہ کے مطابق قانونی کارروائی کی کوشش کے بعد ان کے خاندان کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ اداکارہ نے خبردار کیا کہ اگر معاملے کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو وہ پریس کانفرنس کرکے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں گی۔مومنہ اقبال نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے غیر جانبدار اور قانونی کارروائی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اختیارات کے غلط استعمال یا انصاف میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔