بیروت(انٹرنیشنل نیوز ) لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین و بچوں سمیت کم از کم 10 افراد جاں بحق اور متعددزخمی ہو گئے جبکہ حزب اللہ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اسرائیلی فوج کا ریزرو میجر ایتامار سپیر ہلاک ہو گیا۔لبنان کی قومی خبر رساںادارے کے مطابق نبطیہ ضلع کو نشانہ بنانے والے ان حملوں میں مجموعی طور پر 9 افراد کی موت ہوئی جبکہ بارہ افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسی طرح طائر ضلع میں واقع قصبے حنویہ پر کیے گئے ایک اور حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔قصبے معرکہ پر ایک اور حملے میں 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک بچہ اور 3 خواتین شامل ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے فوجی افسر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 27 سالہ افسر ایک چرچ کے اندر موجود حزب اللہ جنگجو کی فائرنگ کا نشانہ بنا، ہلاک ہونے والا افسر مغربی کنارے کی بستی ایلی کا رہائشی تھا۔واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔
اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ 25 سے زائد حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں اسلحہ ڈپو، راکٹ لانچر اور کمانڈ سینٹر شامل تھے۔ ادھر حزب اللہ نے بھی لبنان سے اسرائیل کی جانب کئی ڈرون حملے کیے، اسرائیلی فوج کے مطابق ایک ڈرون مار گرایا گیا جبکہ دوسرا سرحدی علاقے میں گرنے سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے۔