شان شاہد

کراچی کے بعض اداکار دوسروں کو خوش آمدید کہنے اور کھلے دل سے قبول کرنے میں کنجوس ہیں‘ شان شاہد

کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ کراچی کے اداکار دوسروں کو خوش آمدید کہنے اور کھلے دل سے قبول کرنے میں کنجوسی سے کام لیتے ہیں۔اپنی نئی فلم سائیکو کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک اہم تقریب میں کراچی سے تعلق رکھنے والے بڑے فلمی ستارے، جیسے ہمایوں سعید اورفہد مصطفی شریک نہ ہوئے، جس پر میڈیاکے پوچھنے پر شان نے کہا کراچی کے کچھ اداکار اپنی ایک محدود دنیا میں مگن ہیں، جہاں وہ صرف اپنے دوستوں اور جاننے والوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں۔

شان شاہد کے بقول اصل اداکار وہ ہوتا ہے جو مختلف لوگوں کے ساتھ کام کرے اور خود کو چیلنج کرے۔ میں نے ہمیشہ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کیا جن سے میں کچھ سیکھ سکوں اور میں نے سیکھنے میں کبھی شرم محسوس نہیں کی۔ شاید کراچی کے یہ اداکار سیکھنا نہیں چاہتے۔شان شاہد نے کہا کہ اگر ان اداکاروں کو بھارت سے کام کی دعوت ملے تو وہ فورا کہتے ہیں کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، لیکن جب لاہور کے فنکاروں کی بات آتی ہے تو اچانک سرحدیں یاد آجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا وہ کراچی میں ہونے والے اچھے کام کو سراہتے ہیں لیکن یہاں کے بعض اداکار دوسروں کو خوش آمدید کہنے اور کھلے دل سے قبول کرنے میں کنجوسی سے کام لیتے ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے تمام شہروں اور علاقوں کے فنکاروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ اس قسم کا رویہ انڈسٹری کی ترقی میں رکاوٹ بنتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں