اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 سیریز بھی جیت لی ہے۔
یوتھ افیئرز ونگ کی جانب سے جاری بیان میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ قومی خواتین کھلاڑیوں نے ون ڈے سیریز کے بعد ٹی 20 سیریز میں بھی کلین سوئپ کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میچ میں بیٹرز اور بولرز نے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ بہترین کھیل پیش کیا، ٹیم کی مجموعی کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے ٹیم مینجمنٹ، کوچنگ سٹاف اور وہاب ریاض کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ویمنز ٹیم نے جذبہ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔ رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ یہ کارکردگی پاکستانی خواتین کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ کا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم آئندہ بھی اسی جذبہ کے ساتھ کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی اور مزید فتوحات اپنے نام کرے گی۔