سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ، کیمیکل فیکٹری کو 5لاکھ سے زائد بجلی کا بل بھیجنے پر کے الیکٹرک و دیگر کو نوٹس،20مئی کو جواب طلب

کراچی (کورٹ نیوز)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کیمیکل فیکٹری کو اضافی بجلی کا بل بھیجنے کے خلاف درخواست پر کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کر دئیے۔جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ کے روبرو کے الیکٹرک کا کیمیکل فیکٹری کو اضافی بجلی کا بل بھیجنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع پنجاب کیمیکل فیکٹری کو اچانک 5 لاکھ روپے سے زائد بجلی کا بل بھیجا گیا۔ کے الیکٹرک نے بجلی چوری کا الزام لگا کر اضافی بل بھیجا۔ نیپرا میں کے الیکٹرک درخواست گزار کے خلاف چوری کا الزام ثابت نہیں کر سکا۔ درخواست گزار کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کو استعمال شدہ بجلی کے یونٹس کے مطابق بجلی کا بل جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ کے الیکٹرک جرمانے کے ساتھ اضافی بل بھیج رہا ہے لہذا کے الیکٹرک کو اضافی بجلی کا بل وصول کرنے سے روکا جائے۔جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دئیے کہ فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 20 مئی کو جواب طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں