لاہور(سپورٹس نیوز)پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 11کے فائنل میں کامیابی کھلاڑیوں اور ان کے شائقین کے لیے زبردست لمحہ ہے، میچ ٹو میچ پلان کیا جس کی وجہ سے کامیابیاں ملتی رہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کنڈیشنز اور پچز اچھی تھیں، لاہور اورکراچی کی پچز میں بھی فرق تھا، گرانڈ اسٹاف کو کریڈٹ دینا چاہیے، کنڈیشنز مختلف ہونے کی وجہ سے صورتحال کا جائزہ لینا بہت ضروری ہوتا ہے۔
بابراعظم نے کہافیملی کے بعد سب سے زیادہ دعائیں فینز کی تھیں، فیملی کی دعائیں بہت ہوتی ہیں، والدین کی دعاﺅ ں سے یہاں پہنچا ہوں، ہمیں اپنے اعصاب پر قابو پانا تھا اس پر ایک دوسرے سے بات ہوئی تھی۔
بابراعظم کاکہنا تھا کہ وہ مائنڈ سیٹ اور کنڈیشنز کو دیکھ کر خود کو ایڈجسٹ کریں گے، پلیئر کا کام کھیلنا ہے، یہ پلیئر نے فیصلہ نہیں کرنا کہ کس فارمیٹ میں کھیلنا ہے، پلیئر کو تینوں فارمیٹ کھیلنا چاہیے۔بابراعظم بولے جشن کا ٹائم کم ہے، صبح بنگلا دیش روانہ ہونا ہے، ٹیسٹ کے لیے بنگلا دیش جا کر تیاری کروں گا، ٹرافی کو پشاور بھی لے کر جائیں گے۔دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فائنل میں کم رنز کئے، اوور آل ہماری ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی، ناک آوٹ گیمز میں ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔