عامر سہیل

عامر سہیل کے کراچی سے متعلق متنازع ریمارکس نے سوشل میڈیا پر ایک نیا طوفان کھڑا کر دیا

کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں لاہور اور کراچی کے میچ کے دوران سابق قومی کپتان اور معروف کمنٹیٹر عامر سہیل کے کراچی سے متعلق متنازع ریمارکس نے سوشل میڈیا پر ایک نیا طوفان کھڑا کر دیا ہے۔عروس البلاد کہلانے والے پاکستان کے معاشی حب کراچی کے شہریوں اور کرکٹ شائقین نے عامر سہیل کے جملوں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے عامر سہیل نے شہر قائد کا ذکر غیر ضروری طور پر پان کی پچکاریوں سے کیا۔ انہوں نے گفتگو کے دوران مبینہ طور پر کراچی کی پہچان کو پان تھوکنے کی عادت سے جوڑا، جسے شہریوں نے شہر کی توہین اور نسلی تعصب پر مبنی جملہ قرار دیا ہے۔عامر سہیل کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز کراچی اور عامر سہیل ٹرینڈ کرنے لگے۔ صارفین نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے، جہاں کی مہمان نوازی اور تنوع دنیا بھر میں مشہور ہے تاہم سابق کپتان نے ایک عظیم شہر کی پہچان کو محض پچکاریوںتک محدود کر کے اہل کراچی کا دل دکھایا ہے۔

شدید تنقید کے بعد عامر سہیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی وضاحت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کراچی کی ثقافت کی توہین کرنا نہیں تھا بلکہ وہ محض ایک سماجی رویے کا ذکر کر رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ان کا اپنا شہر ہے اور وہ یہاں کی روایات کا احترام کرتے ہیں، تاہم اگر ان کی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں