کراچی (ًمخبر نیوز) سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے شوہر، فلم ساز یحییٰ صدیقی کے انتقال کے بعد اپنی ذہنی صحت اور پیش آنے والی مشکلات پر بات کی ہے۔اداکارہ نے اپنے شوہر کے انتقال کے 5 ماہ بعد یوٹیوب پر وی لاگ شیئر کیا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ یحییٰ صدیقی کے جانے کے بعد ذہنی صحت متاثر ہوئی، مجھے چیزوں کو قبول کرنے میں وقت لگا، میں نے اپنا وقت لیا اور اب اپنے یوٹیوب چینل کے صارفین سے بات کرنے کے بارے میں سوچا ہے۔
شگفتہ اعجاز نے کہا ہے کہ کہا جاتا ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، میرا کہنا ہے کہ ہر کامیاب عورت کے پیچھے بھی اس کے شوہر کا ہاتھ اور سپورٹ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوہر کے جانے کے بعد کمرے میں بند ہو گئی تھی، اس دوران اپنی بیٹیوں کے زیادہ قریب ہو گئی ہوں، میرے بچے میرا خیال کرتے ہیں، میری پرواہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں یحییٰ کے بعد بہت ڈپریشن میں چلی گئی تھی، ذہنی امراض کے ڈاکٹر سے میں نے اپنی ذہنی صحت کی بہتری کے لیے سیشن لیے ہیں، ڈاکٹر نے مجھے بتایا ہے کہ ہمسفر کے بچھڑنے کا صدمہ کم از کم 6 ماہ تک رہتا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ مجھے اب احساس ہوتا ہے کہ یحییٰ میرا سپورٹ سسٹم تھے۔