لاس اینجلس(شوبز ڈیسک )پاکستانی نژاد امریکی فلمساز وشایان خان نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو پرانے رنگ میں واپس لائوں گا، میری فلم منی بیک گارنٹی کی موسیقی دل میں اتر جائیگی۔گزشتہ روز امریکا سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا میں رہتا ہوں لیکن پاکستان سے عشق کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں شایان خان نے بتایا کہ پاکستانی فلموں کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں بہت ڈیمانڈ ہے۔شایان خان نے کہا کہ اسی لئے اپنی فلم کو دو درجن سے زائد ممالک میں عید پر ریلیز کررہا ہوں، مولا جٹ کی کامیابی نے سب کیلئے انٹرنیشنل مارکیٹ کے راستے کھول دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منی بیک گارنٹی کے ہیرو فواد خان اور نامور کرکٹر وسیم اکرم کی وجہ سے ہماری فلم کے بالی ووڈ میں ریلیز سے قبل ہی چرچے ہونے لگے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شایان خان نے بتایا کہ ہماری فلم کی موسیقی بہت عمدہ ہے، شہزاد رائے کی آواز میں بھی ایک گانا شامل کیا ہے، ایک زبردست گانا عائشہ عمر پر فلمایا گیا ہے جو فلمی شائقین کے دل جیت لے گا۔