کراچی (کورٹ نیوز)کراچی میں سول اسپتال میں غلط سرجری کی وجہ سے ایک خاتون کئی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو گئی تھی، عدالت نے اس کیس میں اسپتال کے خلاف ہرجانے کا حکم جاری کر دیا ۔سینئر سول جج جنوبی کی عدالت میں متاثرہ خاتون نجمہ رضوان نے سول اسپتال کراچی کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا، عدالت نے سول اسپتال کو متاثرہ خاتون کو 65 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم میں کہا کہ سول اسپتال متاثرہ خاتون کو 60 دن میں ہرجانہ ادا کرے۔وکیل درخواست گزار کے مطابق 3 نومبر 2015 کو نجمہ رضوان کو سول اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا، اسپتال میں سرجری کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، 6 نومبر 2015 کو خاتون کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔وکیل نے بتایا کہ ڈسچارج ہونے کے بعد سے خاتون کی طبیعت مزید بگڑتی چلی گئی، خاتون کے پیٹ میں درد اور جسم میں سوجن سمیت دیگر بیماریاں اٹھنے لگیں، دوسرے اسپتال میں علاج سے معلوم ہوا کہ سول اسپتال میں غلط سرجری کی گئی تھی۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق سرجری کے دوران غفلت برتنے سے خاتون کو کئی دیگر بیماریاں لاحق ہوئیں۔ عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بعد مدعی خاتون کے حق میں فیصلہ سنایا۔