مسعود پزشکیان

رہبرِ انقلاب نے دشمن کے خلاف قومی اتحاد، یکجہتی برقرار رکھنے پر زور دیا ، مسعود پزشکیان

تہران(انٹرنیشنل نیوز )ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ رہبرِ انقلاب نے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی برقرار رکھنے پر زور دیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای سے ملاقات کے متعلق بتایا کہ یہ نشست 7 گھنٹے طویل رہی، ملک کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن کی پوری حکمت عملی اختلافات اور انتشار پیدا کرنے پر مرکوز ہے، رہبر انقلاب نے اتفاق کیا کہ قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے والے بیانات سے گریز کرنا ہو گا، اندرون ملک اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن بیرونی دنیا کے سامنے ایران کو ایک آواز میں بات کرنی چاہئے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اپنی آزادی، وقار اور نظریات کے دفاع میں مضبوطی سے کھڑا ہے، ملاقات میں عوام کے روزگار، معاش، رہائش، پابندیوں کے اثرات سمیت اہم معاملات زیر بحث آئے۔انہوں نے بتایا کہ مشکل حالات میں اگر کوئی کمی یا ناکامی نظر آئے تو حکومت اس پر عوام سے معذرت خواہ ہے، حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔ دوسری جانب ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان کی رہبرِ اعلی مجتبی خامنہ ای سے ملاقات اس بات کی علامت ہے کہ رہبرِ اعلی حکومت کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فاطمہ مہاجرانی نے اپنے بیان میں کہا کہا کہ یہ ملاقات محض صدر کے استعفے سے متعلق افواہوں کا جواب نہیں بلکہ باہمی رابطے، اعتماد اور حمایت پر مبنی تعلقات کے تسلسل کا ایک اور ثبوت ہے۔ان کا اشارہ صدر مسعود پزشکیان کے استعفے سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کی تردید کی جانب تھا۔ بعد ازاں صدر پزشکیان اور آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ نے بھی ان خبروں کو جھوٹ اور افواہیں قرار دیا تھا۔حکومتی ترجمان نے کہا کہ رہبرِ اعلی مجتبی خامنہ ای کی جانب سے صدر اور حکومت کی واضح حمایت مختلف مواقع پر سامنے آ چکی ہے۔فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ ملک کے سیاسی ماحول میں تعمیری تنقید اور ایسے اقدامات کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے جو دراصل عوام میں عدم اعتماد اور سیاسی تقسیم پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں