عباس عراقچی

آبنائے ہرمز کا تحفظ امریکی حملے اور بحری ناکہ بندی روکنے سے ہی ممکن ہے، عباس عراقچی کی جرمنی وزیر خارجہ سے گفتگو

تہران(انٹرنیشنل نیوز )ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کےلئے امریکا کے حملے اور بحری ناکہ بندی روکنا ضروری ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق عباس عراقچی نے جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈی فول سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکی حملوں اور بحری ناکہ بندی کا خاتمہ ضروری ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے جرمن ہم منصب کو عمان کے ساتھ جاری مشاورت سے بھی آگاہ کیا، عمان کے ساتھ اس مشاروت کا مقصد آبنائے ہرمز سے محفوظ بحری آمدورفت کے لیے ایک محفوظ راستہ متعین کرنا ہے۔عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی بدامنی کی واحد وجہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی فوجی جارحیت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو آبنائے ہرمز کی بندش کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سکیورٹی اور معاشی اثرات پر امریکی حکمران طبقے کو جواب دہ ٹھہرانا چاہئے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا کی جارحانہ کارروائیوں اور غیر قانونی مداخلت کو روکنا ضروری ہے، جن میں بحری ناکہ بندی اور امریکا کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے متعلق کیے گئے وعدوں کی دیگر خلاف ورزیاں بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں