لاہور( شوبز ڈیسک)ٹیلی ویژن، ریڈیو اور فلم کے مشہور اداکار جمشید انصاری کی 21ویں برسی 24اگست کو منائی جائے گی ۔اداکار جمشید انصاری 31 دسمبر 1942 کو بھارت میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے پاکستان منتقل ہو گیا ۔
گریجویشن کے بعد جمشید انصاری لندن چلے گئے جہاں انہوں نے کچھ عرصہ بی بی سی میں کام کیا، لندن میں قیام کے دوران انہوں نے شوکت تھانوی کے لکھے ہوئے ڈرامے سنتا نہیں ہوں بات پیش کیا۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ جھروکے سے کیا، جمشید نے درجنوں ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔
ان کے شہرہ آفاق ڈراموں میں گھوڑا گھاس کھاتا ہے، کرن کہانی، انکل عرفی، ان کہی، تنہائیاں، زیر زبر پیش، شوشہ اور ہالف پلیٹ شامل ہیں، ان کے کچھ مکالمے اتنے مقبول ہوئے کہ جو آج بھی ان کے پرستاروں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔جمشید انصاری سر میں رسولی کی وجہ سے 24 اگست 2005 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔