لاہور پولیس

لاہور پولیس کی حراست میں جاں بحق دو خواتین پاکپتن میں سپردخاک،پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی

پاکپتن(کرائم رپورٹر) لاہور میں مبینہ طور پر پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والی دو خواتین کی میتیں پولیس کی نگرانی میں ان کے آبائی علاقے بستی غوث نگر، پاکپتن پہنچا دی گئیں، جہاں سکیورٹی کے پیشِ نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔دونوں خواتین کی نماز جنازہ درگاہ بستی چن پیر میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں ایک دوسرے کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔لواحقین کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین نند بھاوج تھیں۔

ان میں 18 سالہ انمول بی بی ایک شیر خوار بچی کی والدہ تھیں، جبکہ 20 سالہ آمنہ بھی ایک بچے کی ماں تھیں، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں رہائش پذیر تھیں اور گھوم پھر کر پنسلیں فروخت کرکے گزر بسر کرتی تھیں۔لواحقین کا موقف ہے کہ ٹاﺅن شپ پولیس نے 4 اگست کو دونوں خواتین کو چوری کے الزام میں حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا، جبکہ 5 اگست کو انہیں تھانے میں مردہ پایا گیا۔اہل خانہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں