روم(انٹرنیشنل نیوز )اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکی ثالثی میں مذاکرات کا نیا دور شروع ہوگیا۔ عالمی خبر رساںادارے کے مطابق امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان سکیورٹی امور پر اٹلی کے دارالحکومت روم میں مذاکرات کر رہے ہیں، 3 روزہ مذاکرات امریکی سفارت خانے میں کئے جا رہے ہیں، مذاکرات میں دونوں ممالک کے تکنیکی وفود شریک ہیں، اسرائیلی وفد میں اسرائیلی فوج کے اعلی حکام بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطاب بات چیت میں جنوبی لبنان کی سکیورٹی، سرحدی تنازعات زیر بحث آئیں گے۔ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا، امریکا حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کو پائیدار معاہدے کے لیے اہم قرار دے رہا ہے، اسرائیل سرحدی حد بندی، جنوبی لبنان کی تعمیر نو پر ورکنگ گروپس قائم کرنا چاہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کا یہ ساتواں دور ہے۔