ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں نے فلم انڈسٹری چھوڑ کر اپنے آبائی علاقے ہماچل پردیش واپس جانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں یامی گوتم نے اپنے کیریئر کے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 2012 میں فلم وکی ڈونر سے کامیاب آغاز کے باوجود مجھے طویل عرصے تک اچھے کردار نہیں مل سکے۔37 سالہ اداکارہ نے کہا کہ مسلسل مایوسی کے باعث میں نے اداکاری کو خیرباد کہنے اور اپنے آبائی شہر واپس جا کر نئی زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
یامی گوتم کے مطابق اسی دوران مجھے 2019 کی جنگی فلم یوری: دی سرجیکل اسٹرائیک میں وکی کوشل کے مدِ مقابل کام کرنے کا موقع ملا، جس نے میرے کیریئر کو نئی سمت دی اور بالی ووڈ میں مستقبل کی امید دوبارہ زندہ کر دی۔انہوں نے بتایا کہ وکی ڈونر کی کامیابی کے باوجود مجھے ایک غیر روایتی اداکارہ کا لیبل دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسٹار کڈز کو ناکامی کے باوجود بڑے منصوبوں میں بار بار مواقع مل جاتے ہیں، جبکہ باہر سے آنے والے فنکاروں کو ایک موقع حاصل کرنے کے لیے برسوں جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔