ایرانی وزیرِ دفاع

ایران دشمن کی ہر دھمکی کو سنجیدہ لیتا اور دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتا ہے،قائم مقام ایرانی وزیرِ دفاع

تہران(انٹرنیشنل نیوز )ایران کے قائم مقام وزیرِ دفاع سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ ایران دشمن کی ہر دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اپنی عسکری تیاری و دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے امریکی صدر کی جانب سے ایران کے خلاف نئے حملے موخر کرکے مذاکرات کا دوبارہ آغاز کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ دشمن کے حالیہ بیانات نفسیاتی اور ادراکی جنگ کا حصہ ہو سکتے ہیں، تاہم ہماری نظر میں ہر دھمکی حقیقی ہے اور اسے سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو کسی اچانک صورت حال پر حیران ہوں گے اور نہ ہی غیر فعال رہیں گے۔

ہم ہر دھمکی کو اپنی تیاریوں میں اضافے، دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے اور اپنی طاقت میں مزید اضافہ کرنے کی بنیاد بناتے ہیں۔قبل ازیں صدر ٹرمپ نے ایران پر حملے منسوخ کرکے مذاکرات کا اعلان کیا۔انہوں نے لکھا کہ امریکا ایران کے خلاف ایسی عسکری طاقت، قوت اور کارروائی کےلئے مکمل طور پر تیار تھا، جس کی مثال دوسری جنگِ عظیم کے بعد نہیں ملتی۔ تاہم ایران اور دیگر مشرقِ وسطی کے ممالک کی درخواست پر کارروائی مخر کر دی گئی کیونکہ ایک مجوزہ معاہدہ زیر غور ہے، جس میں آبنائے ہرمز کو فوری، مکمل اور بلا رکاوٹ کھولنے اور ایران کے جوہری خطرے کے خاتمے کو شامل بتایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں