لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرصدارت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ اور تمام فرنچائز مالکان کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ سیزن کی منصوبہ بندی، مجوزہ اصلاحات اور شائقینِ کرکٹ کے لیے نئی سرگرمیوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے دوران ہونے والے 44 میچز میں کرکٹ کے معیار، انتظامی امور اور لیگ کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے سوشل میڈیا، اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ٹیلی ویڑن پر ریکارڈ ویورشپ کو لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت قرار دیا۔اجلاس کے دوران آئندہ سیزن کی ونڈو، پلیئنگ کنڈیشنز، ڈائریکٹ سائننگ اور ریٹینشن پالیسی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ ان اہم معاملات پر جلد ورکشاپس منعقد کی جائیں گی تاکہ تمام فرنچائزز کی مشاورت سے حتمی لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔شرکا نے سخت حالات میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اجلاس میں آف سیزن اور پری سیزن کے دوران شائقین کے لیے خصوصی سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا، جبکہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل اور تمام آٹھ فرنچائزز کے باہمی اشتراک سے لیگ کا
آفیشل مرچنڈائز پلیٹ فارم لانچ کیا جائے گا تاکہ مداحوں کو باضابطہ مصنوعات کی آسان دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا، جبکہ اجلاس کی تاریخ، وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضیٰ، ڈائریکٹر پی ایس ایل عثمان واہلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔