لاہور (کورٹ نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی عدالتی تعطیلات کے دوران بھی مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے صرف چار عدالتی روز میں مجموعی طور پر 337مقدمات کے فیصلے کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔ذرائع کے مطابق جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے صوبہ بھر سے آنے والے سائلین کی فوجداری نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے سنگل بنچ اور ڈویژن بنچ دونوں میں بڑی تعداد میں مقدمات نمٹائے۔
اعداد و شمار کے مطابق جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے سنگل بنچ میں 293جبکہ ڈویژن بنچ میں 44مقدمات کے فیصلے کئے جس سے مجموعی تعداد 337 تک پہنچ گئی۔روزانہ کی بنیاد پر فیصلوں کی تفصیل کے مطابق 27جولائی کو مجموعی طور پر 84مقدمات کے فیصلے کئے گئے، جن میں 71مقدمات سنگل بنچ جبکہ 13مقدمات ڈویژن بنچ میں نمٹائے گئے ۔اسی طرح 28جولائی کو 77مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا، جن میں 60مقدمات سنگل بنچ اور 17مقدمات ڈویژن بنچ میں شامل تھے۔29جولائی کو جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے سب سے زیادہ 91مقدمات کے فیصلے کئے، جن میں 83مقدمات سنگل بنچ جبکہ 8مقدمات ڈویژن بنچ میں نمٹائے گئے۔عدالتی ذرائع کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات کے باوجود مقدمات کے بروقت فیصلوں سے زیر التواء مقدمات کے بوجھ میں کمی لانے میں مدد مل رہی ہے جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع سے آنے والے سائلین کو بھی فوری ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
٭٭٭٭٭