ایم ڈی کیٹ

سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان16اگست کو منعقد ہوگا

کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ یعنی ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد رواں سال 16 اگست( اتوار کو) کیا جائے گا، جو سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کے تحت منعقد ہوگا۔سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق امیدواروں کی سہولت کے لئے کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد اور اسلام آباد میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

کراچی میں یہ امتحان این ای ڈی یونیورسٹی، حیدرآباد میں پبلک اسکول لطیف آباد اور جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں لیا جائے گا، اس کے علاوہ میرپور خاص میں میر شیر محمد ٹالپر پبلک اسکول، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول گرانڈ واگن روڈ، شہید بینظیر آباد میں قائدِ عوام یونیورسٹی اور سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول اولڈ ایئرپورٹ روڈ کو امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔جبکہ اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے رہائشی امیدواروں کا امتحان پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ٹیسٹ سینٹر میں ہوگا۔

ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے ہو گا اور امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر مراکز پہنچیں جبکہ امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی جبکہ امتحانی ہال میں طلبا کو ضروری اسٹیشنری اور پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں