وفاقی آئینی عدالت

عمران خان رہائی فورس کیس، آئینی عدالت کا فریقین کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت،سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی

اسلام آباد(کورٹ نیوز)وفاقی آئینی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ رہائی فورس سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنماﺅں کے وکیل علی بخاری نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر کی جانب سے وکالت نامہ اور جواب جمع کرانے کےلئے مہلت طلب کی۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس مقدمے میں سہیل آفریدی کے ساتھ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بھی وکیل ہیں۔

علی بخاری نے کہا کہ انہیں آج صبح ہی بتایا گیا کہ سلمان اکرم راجہ کی نمائندگی بھی انہیں ہی کرنا ہے، اسلئے جواب جمع کرانے کےلئے مزید وقت دیا جائے۔ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے موقف اختیار کیا کہ یہ ایک سیاسی نوعیت کا مقدمہ ہے، لہذا پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو جواب جمع کرانے کے لئے مناسب مہلت دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئینی درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا ایک نجی ملیشیا تشکیل دے رہے ہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب تک صرف ایک فریق نے اپنا جواب جمع کرایا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ کرنے سے متعلق عدالت کے سابقہ حکم نامے میں توسیع کی جائے۔اس پر چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے کہ ایسا کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ عدالت کا حکم نامہ صرف آج کی تاریخ تک محدود نہیں تھا، اس لیے اس میں توسیع کی کوئی ضرورت نہیں۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کے لئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں