ماہرہ خان

ماہرہ خان کی غزہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت، اسرائیلی برینڈز سے وابستگی پر تنقید کا شکار

لندن (شوبز ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں غزہ کے لیے منعقد کی گئی ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تقریب کی ویڈیوز پر بعض صارفین نے مختلف نوعیت کے سوالات بھی اٹھائے اور ماہرہ خان کی جانب سے ماضی میں کیے گئے برانڈ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے موقف پر تنقید کی۔کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دعوی کیا کہ ماہرہ خان ایک جانب فلسطین اور غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب وہ ماضی میں ایسے عالمی برانڈز کی تشہیر کرتی رہی ہیں جنہیں صارفین اسرائیل سے جوڑتے ہیں۔

ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ اگر ماہرہ خان فلسطین کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں تو پھر ان کی جانب سے ایسے برانڈز کی تشہیر پر کیا موقف ہے؟کچھ تبصروں میں تقریب کے دوران اداکارہ کے رقص، پینٹنگز پیش کیے جانے اور ان کے آنے والے پراجیکٹس اور ساتھی فنکاروں سے متعلق گفتگو کو بنیاد بنا کر اعتراض کیا گیا۔

ایک صارف نے تقریب کے انداز پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ اس سرگرمی سے غزہ کے لوگوں کو کس طرح فائدہ پہنچے گا۔ جہاں کچھ صارفین نے ماہرہ خان پر تنقید کی، وہیں کئی مداحوں نے اداکارہ کی تقریب میں شرکت اور غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ میں حصہ لینے کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں