واشنگٹن(نیوز ڈیسک)ایران کے خلاف امریکی حملوں میں وقفے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل اوراور قدرتی گیس کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر 2 ہفتوں سے جاری حملوں میں وقفہ دینے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 5.58 ڈالر یا 5.77 فیصد کمی کے بعد 91.20 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، امریکی خام تیل کے مستقبل کے سودے 85 ڈالر فی بیرل پر ہو رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے مربن کروڈ آئل کی قیمت میں 10 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مربن کروڈ آئل کے سودے 97 ڈالر فی بیرل پر ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی 2 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی ماہرین نے کہا ہے کہ جنگ میں وقفے سے اتنی بڑی کمی ظاہر کرتی ہے کہ جنگ جاری رہی تو تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک بھی جاسکتی ہے، امریکا کے ذخائر بھی تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی امید نے تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کو کم کیا، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔