واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاﺅ س کورسپانڈنٹس ایسوسی ایشن کے ری شیڈول سالانہ عشائیے کی تقریب میں”ٹرمٹ 2028“ کی ٹوپی پہن کر ایک بار پھر صدارتی انتخاب لڑنے کے حوالے سے مذاق کیا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں امریکا کے صدر کے طور پر چوتھی مدت کےلئے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ پھر ہنستے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تین بار جیت چکے ہیں اور اب صدارتی انتخاب لڑنے میں کافی ماہر ہو گئے ہیں۔ان کے یہ ریمارکس بظاہر مذاق تھے کیونکہ امریکی آئین کی 22 ویں آئینی ترمیم کے تحت کوئی بھی صدر دو سے زیادہ منتخب مدتوں تک عہدے پر فائز نہیں رہ سکتا۔
ٹرمپ نے میڈیا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ بعض صحافی انہیں پسند نہیں کرتے، انہوں نے دعوی کیا کہ انہیں 93 فیصد منفی کوریج ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جگہ ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم میں مبتلا لوگوں کا اب تک کا سب سے بڑا اجتماع ہے۔یہ عشائیہ اپریل میں ہونے والی اصل تقریب کے ملتوی ہونے کے بعد منعقد کیا گیا۔ اصل تقریب اس وقت روک دی گئی تھی جب ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کی موجودگی میں ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔فائرنگ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ سکیورٹی اور ہمارے کام سے وابستہ خطرات کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ مخر شدہ عشائیہ پہلے سے بہتر ثابت ہوا، بالکل میری صدارت کی طرح، دوسری بار ہمیشہ بہتر ہوتی ہے۔اس موقع پر رخصت ہونے والی وائٹ ہاﺅس کورسپانڈنٹس ایسوسی ایشن کی صدر ویجیا جیانگ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ صحافی تشدد سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ہم واپس آ گئے ہیں، ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا، اور ہم کسی پرتشدد واقعے کو فیصلہ کن بات نہیں بننے دیں گے۔