لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر کا امن اور شہریوں کا تحفظ اولین فریضہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅ ن کا حکم دیدیا۔لاہور میں تجارتی مراکز، مارکیٹوں میں کاروبار، ملازمت سے منسلک افغانیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر قانونی افغانیوں کو رہائش،سہولت دینے والوں کو بھی گرفت میں لیں۔
صدر ڈویژن پولیس کے ساتھ انسدادِ جرائم سے متعلق اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز کو موٹر سائیکل سنیچنگ کی وارداتیں کنٹرول کرنے کی ہدایت کردی۔ ایس پی سکیورٹی، ایس پی صدر،سرکل افسران،ایس ایچ اوز،انچارج چوکی اجلاس میں شریک تھے۔فیصل کامران نے کہا کہ آئس،چرس ودیگر منشیات کی ترسیل روکیں، بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں، اشتہاری وعادی مجرمان،عدالتی مفروران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں، خواتین و بچوں سے متعلقہ کیسز پر زیروٹالرنس کی پالیسی ہے، فوری کارروائی کریں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تخفیف جرم کسی صورت قابل قبول نہیں، درست دفعات کے تحت مقدمات درج کریں، ایس ایچ اوز کرائم سین پر لازمی پہنچیں، مظلوم شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے تقاضے پورے کریں، کرپشن،فرائض میں غفلت ولاپرواہی پر قانونی و محکمانہ کارروائی ہوگی۔