ایف آئی اے

افغان شہریوں کےلئے جعلی دستاویزات کے الزام میں نادرا افسران سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ایف آئی اے

اسلام آباد(کرائم رپورٹر ) وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کےلئے غیر قانونی طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادراانعام الحق،ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادر فیاض احمد ، چوکیدار، نادراجنید احمد اور پرائیویٹ ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد کی گمشدگی کا مقدمہ کراچی پولیس نے ان کے والد سہیل سانگی کی مدعیت میں درج کیا تھا۔ اس مقدمے کے مطابق ریاض احمد 20 جولائی کی شام سے لاپتہ ہیں۔ ان کے والد نے یہ شبہ ظاہر کیا تھا کہ انھیں نامعلوم افراد اغوا کر کے لے گئے ہیں۔بی بی سی کے رابطہ کرنے پر نادرا کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے سے تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

ایف آئی اے کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، سرکاری ریکارڈ میں رد و بدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے ابتدائی شواہد سے اس منظم نیٹ ورک کے بعض دہشت گرد عناصر سے ممکنہ روابط کی بھی نشاندہی ہوئی ہے، جس کے حوالے سے مزید جامع تحقیقات جاری ہیں۔

ایف آئی اے نے دعوی کیا کہ کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ، ڈیجیٹل مواد اور دیگر شواہد تحویل میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات اور گرفتاریوں کا امکان ہے اور اس نیٹ ورک سے وابستہ تمام سہولت کاروں اور مرکزی کرداروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کو درپیش خطرات، دہشت گردی کی معاونت، جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا اور ایسے منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔تاہم ایف آئی اے نے اپنے بیان میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے نام اور تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں