واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز )امریکا نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کے لیے عالمی سطح پر احتیاطی وارننگ جاری کر دی ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے جاری بیان میں دنیا بھر میں موجود امریکی شہریوں کو مزید احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی صورتحال پیچیدہ ہو چکی ہے اور کشیدگی میں کسی بھی وقت غیر متوقع اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ خارجہ نے کہا کہ مشرقِ وسطی سے باہر موجود امریکی شہری اس خطے کے سفر یا اس کے راستے گزرنے پر نظرِ ثانی کریں۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ دنیا بھر میں امریکی سفارتی تنصیبات یا امریکا اور امریکی شہریوں سے منسلک مقامات پر حملوں کے امکانات میں اضافہ ہو گیا ہے۔