لندن(کرائم رپورٹر ) 10 سالہ سارہ شریف کے قتل کیس میں عمر قید کی سزا پانے والی سوتیلی ماں بینش بتول نے سارہ کی موت کی انکوائری جیوری کے سامنے کرانے کی درخواست کر دی۔برطانوی میڈیارپورٹس کے مطابق بینش بتول اور سارہ شریف مقتول کے والد عرفان شریف کو دسمبر 2024 میں بچی کے بہیمانہ قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سارہ کی لاش برطانیہ کے علاقے ووکنگ میں واقع خاندانی گھر سے برآمد ہوئی تھی۔
عدالتی کارروائی میں یہ بات سامنے آئی کہ 2 سال تک مسلسل بچی کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جسم پر زخموں کے مختلف نشانات پائے گئے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ بچی کے جسم پر گرم لوہے سے جلانے اور کھولتے پانی سے جلنے کے بھی آثار تھے۔گزشتہ روز سماعت میں بینش بتول کے وکیل ڈاکٹر اینٹون وین ڈیلن نے موقف اختیار کیا کہ انکوائری جیوری کے ذریعے ہونی چاہیے تاکہ کئی اہم پہلوں کا تعین کیا جاسکے۔